ملک بھر کی طرح حسن ابدال میں درجہ حرارت بڑھ گیا ، شہریوں کیلئے الرٹ جاری

5

حسن ابدال۔ 15 جون (اے پی پی):ملک بھر کی طرح حسن ابدال میں درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ عوام کو خبردار کیا گیا کہ یہ شدت ہیٹ ویو کے آثار ہیں اور ایسا ممکن ہے۔

اس لئے شہریوں کو احتیاط کرنا چاہیے۔ دھوپ میں پھرنے ہی سے گریز نہیں بلکہ غیر ضروری طور پر گھر سے نہیں نکلنا چاہیے اور اگر باہر نکلنا مجبوری ہو تو سر اور گردن کو ٹھنڈے کپڑے سے لپیٹ کر نکلیں اور پانی معمول سے زیادہ پئیں اگر ممکن ہو تو ہلکے نمک والا پانی لیموں کے رس کے ساتھ استعمال کریں حسن ابدال میں گزشتہ روز ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ملازمین نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور دیگر افراد کے لیے ٹھنڈے مشروب کی سبیل لگائی۔

اسی طرح حسن ابدال کی اسسٹنٹ کمشنر اقصی امتیاز کے حکم پر شہر کے چند پبلک مقامات پر پچھلے چند روز سے عوام کے لیے ٹھنڈے مشروب کی سبیلیں لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بازاروں وغیرہ میں بھی اکثر دوکانداروں نے ایسے ہی سبیلیں لگائی ہوئی ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق شدید گرمی میں برف کا یخ ٹھنڈا پانی انسانی صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔ لہذا نارمل ٹھنڈا پانی ہونا چاہیے۔