پشاور۔ 23 مارچ (اے پی پی):ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی یوم پاکستان بھرپورجوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے صوبے بھر میں تقریبات اور خصوصی واکس کا انعقاد کیا گیا، صوبائی دارالحکومت پشاور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کےلیے دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
اس موقع پر مختلف محکموں اور تعلیمی اداروں کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوئیں۔ مردان میں محکمہ تعلیم کے زیراہتمام بینک روڈ مردان میں ایک خصوصی واک اور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ مردان زاہد محمد نے کی۔
اس موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر مردان کامران خان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر ضلع خیبر کے مختلف تھانوں میں 23 مارچ یومِ پاکستان کے حوالے سے خصوصی پروگرامات کا انعقاد کیا گیا جبکہ بازاروں میں شہریوں و بچوں میں قومی جھنڈے تقسیم کیے گئے۔
ضلع صوابی میں ڈپٹی کمشنر نصراللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صوابی کی زیر نگرانی 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے مختلف تعلیمی اداروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا،تقریبات میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صوابی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، تقریبات میں ملی نغمے، تقاریر اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے جنوبی وزیرستان اپر پولیس لائن میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کے معزز عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ، سکول و کالج طلبہ، ابابیل سکواڈ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
بعد ازاں ڈی پی او کی قیادت میں پولیس لائن سے سراروغہ بازار تک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبا سمیت عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی جنہوں نے قومی پرچم اور بینرز اٹھاٸے ہوئے تھے۔ آخر میں پاکستان زندہ بعد کے فلک شگاف نعروں اور ملکی سلامتی کےلیے دعاؤں کے ساتھ ریلی اختتام پذیر ہوئی۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575747