راولپنڈی۔7جون (اے پی پی):ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں عوام نے سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی اور اس عظیم عبادت کے ذریعے اپنے رب کی رضا حاصل کی۔ ضلع بھر میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں 604 مساجد، 72 امام بارگاہیں اور 62 کھلے مقامات شامل ہیں۔ سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا جہاں ہزاروں فرزندان اسلام نے اجتماعی طور پر نماز عید ادا کی۔
علمائے کرام نے اپنے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے قربانی کے جذبے میں اخلاص، ایثار اور غریبوں کو شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ خطبات کے دوران ملک کی سلامتی، خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور مسئلہ کشمیر و فلسطین کے جلد حل کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ نماز کے بعد عوام نے گائے، بکرے، دنبے اور اونٹ کی قربانی کر کے سنت ابراہیمیؑ کو زندہ رکھا۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے 2,700 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 650 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں مصروف عمل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی مکمل ہائی الرٹ ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہریوں کو فوری امداد اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ صفائی کے حوالے سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے عملہ متحرک ہے تاکہ ماحول کو صاف اور صحت مند رکھا جا سکے۔ عوام نے حکومتی اقدامات اور سیکیورٹی، صفائی و امدادی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عید پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔