ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی 14اگست کی تیاریاں اپنے عروج پرپہنچ گئیں

161

فیصل آباد۔ 08 اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی 14اگست منانے کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں اور جگہ جگہ سبز جھنڈیوں، پاکستانی پرچموں اور بیجز کے سٹالز سج گئے ہیں جبکہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے ان سٹالز کا رخ کرلیا ہے جہاں جشن آزادی کے حوالے سے خریداری زور وشور سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح فیصل آبادمیں بھی بچوں اور بڑوں کیلئے پاکستانی پرچموں سمیت رنگ برنگ جھنڈیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں بڑی تعداد میں لوگ خریداری کر رہے ہیں۔ ان سٹالز پر بچوں کے لیے بیجز بھی موجود ہیں جو پاکستان کے پرچم کی شکل میں موجود ہیں۔ہر سال 14 اگست کو ملک بھر میں یوم آزادی پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ملک کی آزادی کا دن پاکستان میں رہنے والوں کیلئے سب سے زیادہ خوشی کا دن ہے اور اس دن کو لوگ نہایت ہی تیاریوں کے ساتھ جوش و خروش سے مناتے ہیں۔

جشن آزادی کے حوالے سے شہر بھر کے مختلف علاقوں، گلی کوچوں، محلوں شاہراہوں، عمارتوں اور دیگر مقامات کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں بچوں میں جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔