ملک بھر کی طرح لسبیلہ بھر میں یوم دفاع 06 ستمبروشہداءپاکستان ملی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا

244

کوئٹہ۔6ستمبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح لسبیلہ بھر میں یوم دفاع 06 ستمبروشہداءپاکستان ملی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سول سوسائٹی اور لیڈا کی جانب سے لسبیلہ بھر میں افواج پاکستان لیویز پولیس کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلیاں نکالی گئیں ،ضلعی انتظامیہ کی سربراہی میں اوتھل میں منعقدہ عظیم الشان ریلی میں سرکاری ملازمین وشہریوں کی بڑِی تعداد نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مرادخان کاسی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالت جنگ اورزمانہ امن میں پاک فوج کے سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہمیشہ عوام کیساتھ کھڑے رہے ہیں ،لسبیلہ کے سیلاب متاثرین نے یوم دفاع کو ملی جذبے سے منا کر ثابت کردیا ہے کہ یہاں کے عوام کے دل اپنی افواج کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیرنگرانی ضلع بھر میں پاک آرمی لیویز پولیس کے شہداءکو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سادگی سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔

اسسٹنٹ کمشنر حب سید سمیع اللہ کاکڑ نے شہید لیویز سپاہی کے فرزند عبدالسلام کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے لیویز اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ۔ علاوہ ازیں صنعتی شہر حب میں ایم ڈی لیڈا کی زیرقیادت انڈسٹریل زون میں یوم دفاع چھ ستمبر کی مناسبت سے کارریلی کا انعقاد کیا گیا ، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کیساتھ لیڈا آفس سے گیٹروں موڑ اور نزرچورنگی تک کارریلی منعقد کی گئی۔

ایم ڈی لیڈا فرید محمد حسنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں لیکن ملک کی سالمیت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، لیڈاملازمین نے یوم دفاع مناکر ثابت کردیا ہے کہ قوم افواج پاکستان کیساتھ ہے ، شہداءاورغازیوں نے چھ ستمبر 1965 میں یوم دفاع پر جو تاریخ رقم کی دنیا بھر میں افواج پاکستان کی جرات اور بہادری کی مثالیں دشمنان پاکستان کو ہضم نہیں ہورہی ہیں ۔