اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):ملک بھر کی کاروباری اور صنعتی برادری نے وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کا بھرپورخیر مقدم اور اسے معیشت کےلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی گھریلو اور صنعتی صارفین کے لئے بہت بڑا ریلیف ہے، اس اقدام سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی ،پیداواری لاگت کم اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، یہ اقدام با لخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور صنعتوں کے لئے سستی بجلی کے معیشت پر مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے، امید ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی
۔گزشتہ روز بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئےوفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی )کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ صنعتکار برادری کے مطالبہ پر بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے جس سے برآمدات میں اضافہ ہو گااور صنعتی بحالی میں مدد ملے گی۔ ایف پی سی سی آئی کےسینئر نائب صدرثاقب فیاض نے کہا کہ ملک کی کاروباری برادری مطالبہ کررہی تھی کہ قومی معیشت اور صنعت کے شعبے میں بہتری کے لئے توانائی کی قیمتوں میں کمی لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اعلان کے بعد ہماری صنعت اور برآمدات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرذکی اعجاز نے بجلی کی قیمت میں کمی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی اور اقتصادی شرح نمو میں بہتری ہوگی ۔
ایف پی سی سی آئی کےرہنما ایس ایم تنویر نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ بجلی چوری کو روکنے اور جنکوز وغیرہ کے حوالے سے بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے جس سے بجلی کی قیمت میں مزید کمی ہوگی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اب ہمارے ملک میں صنعتی بحالی کا آغاز ہوگا۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما ) کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا کہ وزیراعظم ، ان کی اقتصادی ٹیم اور پاور سیکٹر ریفارمز ٹاسک فورس کے اراکین ،علی پرویزملک، محمد علی اور اویس لغاری کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بجلی کی قیمت میں کمی کے لئے اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 7 روپے سے زیادہ کی نمایاں کمی قومی معیشت، صنعت اور کاروباری شعبہ کےلئے نوید ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا یہ پوری قوم کےلئے انتہائی اچھی خبر ہے جس سے ہماری برآمدات بڑھیں گی اور بہت سی بند صنعتیں دوبارہ چل پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دو سے تین سال کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات کو 25 تا 30ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما ) سائوتھ کے چیئرمین نوید احمد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قیمت میں کمی کا حالیہ فیصلہ تاجر اور صنعت کار برادری کی توقعات سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے جس سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا کہ پوری قوم توانائی کی قیمتوں میں کمی کا انتظار کررہی تھی ، بجلی کی قیمت میں کمی کا حالیہ فیصلہ صنعت اور عام آدمی کے لئے خوشی کا سبب بنے گا۔معروف صنعتکار زبیرموتی والا نے کہا کہ صنعتی اور گھریلو صارفین بجلی کی زیادہ قیمت کی وجہ سے پریشان تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بجلی کی قیمت میں کمی کے فیصلے کو کھلے دل سے سراہتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ یہ فیصلہ چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے شعبہ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی بحالی سے روزگار کے مسائل کم ہوں گے اور امن وامان کی صورتحال بھی بہتر ہوگی، اس فیصلے سے بہت سے دیگر منسلک عوامل میں بھی بہتری آئے گی۔ انہو ں نے کہا کہ الحمدللہ وزیراعظم نے جو کہا وہ کر دکھایا ،ہم اس پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمحمد جاویدبلوانی نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے، وزیراعظم نے توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ بھی دیا ہے جس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آنے والا ہے کہ صنعت صحیح راہ پر گامزن ہوگی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر ارشاد نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 7 روپے سے زائد کی کمی سے ہماری برآمدات میں 2ارب ڈالر سے زیادہ سے اضافہ ہوگا،بند صنعتیں بحال ہوں گی او ر ہم خطے کے ممالک کے مقابلے میں آجائیں گے۔ انہوں نے اس توقع کااظہار کیا کہ پالیسیوں کا تسلسل جاری رہا تو معاشی اہداف کے حصول میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے12 فیصد تک کم ہونے اور بجلی کی قیمت میں 7.41 روپے فی یونٹ کمی سے بہت بہتری آئے گی، روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ ملک بھرکے تمام چیمبرز اور کاروباری برادری حکومت سے توانائی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کررہی تھی کیونکہ توانائی کی زیادہ قیمت کے باعث برآمدات اور صنعتی شعبہ میں مسائل کا سامنا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کے بعدکاروباری و پیداواری اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی اور اس سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ صنعتی صارفین بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاور ٹیرف میں کمی سے قومی معیشت کو فروغ ملے گا۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرریحان نسیم نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کے فیصلہ سے صنعتی شعبہ کی ترقی اور بحالی میں مدد ملے گی اور قومی معیشت کی شرح نمو کے اہداف کا حصول بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اکرام الحق نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے وزیراعظم کا اعلان قابل تحسین ہے، اس اعلان کے ہم کافی عرصہ سے منتظر تھے۔
صنعتکار ، تاجر اور برآمدکنندگان توانائی کی قیمتوں میں کمی کی امید کر رہے تھے اوروہ اس حوالے سے حکومت کے حالیہ فیصلہ کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی کےلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس حوالے سے ایف پی سی سی آئی کی قیادت اور ایس ایم تنویر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ملک بھر کی تاجر اور صنعتکار برادری ایک پلیٹ فارم پرتھی۔
کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک بھر کے چیمبرز کے سابق عہدیداروں اور کاروباری و صنعتکار قیادت نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حالیہ فیصلے کو نہ صرف سراہا بلکہ اس کے کاروبار، معیشت ، صنعت سمیت گھریلو صارفین پر مثبت اثرات کو بھی اجاگرکیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578445