اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے کہاہے کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر کسی بھی قسم کی اشیائے خوردونوش کی کمی نہیں ہے ۔جمعرات کوجاری بیان میں ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے میڈیا پر اشیا کی عدم دستیابی کے بارے میں چلنے والی خبر کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر کسی بھی قسم کی اشیا خوردونوش کی کوئی کمی نہیں ہے اور تمام اشیاء وافر مقدار میں موجود ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اس وقت وفاقی حکومت کی طرف سے بنیادی اشیا پر خصوصی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ جس میں آٹا، چینی ، گھی، دالیں اور چاول شامل ہیں ۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ اور دیگر اشیا کی سپلائی روزمرہ بنیادوں پر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض اشیا خوردونوش کی ترسیل میں سیلاب سے روڈ ٹوٹنے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہے۔جسے حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں اور ملک کے کونے کونے میں سبسڈائزڈ اور دیگر اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راشن پیکج بھی مہیا کر رہی ہے ۔ کارپوریشن کی انتظامیہ عوام الناس کو بہترین سروسز فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔