37.1 C
Islamabad
منگل, اپریل 29, 2025
ہومقومی خبریںملک بھر کے ریلوے سکولوں،ہسپتالوں کو آئوٹ سورس کیا جائے گا اور...

ملک بھر کے ریلوے سکولوں،ہسپتالوں کو آئوٹ سورس کیا جائے گا اور کینٹ میں سپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا،وفاقی وزیر حنیف عباسی

- Advertisement -

راولپنڈی ۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملک بھر کے ریلوے سکولوں اور ہسپتالوں کو آئوٹ سورس کرنے جبکہ راولپنڈی کینٹ میں سپورٹس کمپلیکس بنانے اور شہر میں لاہور کی طرز پر الیکٹرک بسیں چلوانے کا اعلان کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یو سی 14 کے ناظم چنگیز خان، بہادر خان اور چوہدری شاہزیب خان بڑ زادہ کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دفاعی پیداوار اسامہ اشفاق سرور،سابق میئر سردار نسیم،ارکان پنجاب اسمبلی ضیاءاللہ شاہ،ملک افتخار احمد،راجہ حنیف ایڈوکیٹ،اسماء ناز عباسی،رفعت عباسی،سابق یوسی چیئرمینوں،وائس چیئرمینوں،کونسلروں اور مسلم لیگی عہدیداروں سمیت مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ عوام نے اب دھوکہ دہی کرنے اوراعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے لوگوں پر بھروسہ کرنا چھوڑدیا ہےجن لوگوں نے اپنے 35 سالہ دور اقتدار میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔مسلم لیگ(ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے قائد مسلم لیگ(ن)میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں راولپنڈی میں سکولوں اور کالجوں کے جال بچھائے، کھیلوں کے میدان بنائے، میٹرو بس جیسا عظیم الشان منصوبہ دیا جس میں روزانہ جڑواں شہروں کےایک لاکھ ستر ہزار شہری بہترین سفری سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں۔

- Advertisement -

اسی طرح عالمی معیار کے مطابق عارضہ قلب کا(کارڈیالوجی)ہسپتال بنایا جس میں راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں سمیت صوبہ پنجاب،خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں کا بھی علاج معالجہ ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ مری روڈ پر قائم یورالوجی ہسپتال میں جس دن لیور ٹرانسپلانٹ کا کام شروع ہو جائے گا اس دن حنیف عباسی کی خواہش پوری ہو جائے گی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے ہسپتالوں کی حالت زار کچھ اچھی نہیں ہے، لوگوں کو ریلیف پہنچانے کی بجائے 50، 50 ہزار روپے کے ٹیکے باہر سے خریدنے کے لیے لکھ کر دیئے جاتے ہیں جس پر میں نے ایکشن لیا، ہم نے ملک بھر میں قائم ریلوے کے ہسپتالوں کو اور پورے ملک میں قائم 14 ریلوے سکولوں کی آئوٹ سورسنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلی بلوچستان کے مطالبے پر کوئٹہ میں فٹ بال گرائونڈ تیار کر کے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار احمد کے مطالبے پر راولپنڈی کینٹ میں پنجاب حکومت کے تعاون سے سپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا جبکہ راولپنڈی شہر میں عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے لاہور کی طرز پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ اب ریلوے میں کام، کام اور صرف کام ہوگا، ریلوے کے 58 ہزار ملازمین کے اور ٹائم سمیت دیگر مطالبات تسلیم کرکے کہہ دیا ہے کہ سب ملازمین ڈیجیٹل بائیو میٹرک سسٹم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور ٹیم ورک کے طور پر محنت اور جانفشانی سے کام کریں تاکہ ریلوے کو پاکستان کا ایک منافع بخش اور مثالی ادارہ بنایا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586017

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں