ملک بھر کے سابق طلباء تنظیمی رہنماؤں کو اولڈ سٹوڈنٹس لیڈرز میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، ریاض فتیانہ و دیگر کی پریس کانفرنس

83

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):غیر سیاسی تنظیم اولڈ سٹوڈنٹس لیڈرز کے سرپرست اعلیٰ و رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے پاکستان میں نظریاتی احساس ، قومی یکجہتی ،حب الوطنی ،جمہوریت ، معاشی ترقی و خوشحالی اور تمام طبقات کے درمیان ہم آہنگی اور لیڈرشپ کی تشکیل کیلئے ایک وسیع پروگرام کے تحت ملک بھر کے سابق طلباء تنظیمی رہنماؤں کو اولڈ سٹوڈنٹس لیڈرز میں شمولیت کی دعوت دی ہے ۔

بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تنظیم کے مرکزی صدرمحمد آصف چٹھہ ایڈووکیٹ، صوبائی صدر پنجاب انجینئر رانا مبشرعلی خان،صوبائی نائب صدر پنجاب مرزا منصور بیگ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجینئر عدنان حسن، خالد نواز بوبی، محمد بنارس چوہدری، شہزادہ بٹ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریاض فتیانہ نے کہا کہ اولڈ سٹوڈنٹس لیڈرز کے پلیٹ فارم پر ماضی میں طلباء سیاست میں متحرک رہنے والی مختلف طلباء تنظیموں اور سٹوڈنٹس یونین کے نمائندوں کو اکٹھا کیا جارہا ہے ۔ پاکستان میں نظریاتی احساس ، قومی یکجہتی ، حب الوطنی ، جمہوریت ، معاشی ترقی و خوشحالی اور تمام طبقات کے درمیان ہم آہنگی و مساوات ، برابری اور لیڈرشپ کی تشکیل کیلئے ایک وسیع پروگرام وضع کیا گیا ہے ۔

تنظیم میں شمولیت کیلئے عمر یا شعبے کی کوئی قید نہیں ہے، کوئی بھی سابق طلباء لیڈر اس میں شمولیت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے ملک میں طلباء تنظیموں کی بحالی کا مطالبہ کیا جس کی کمی سیاسی جماعتوں میں شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ تنظیم کے مرکزی صدرمحمد آصف چٹھہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں آزاد کشمیر اور دار الحکومت  اسلام آباد سمیت تمام علاقوں سے سابق طالب علم رہنما اکٹھے ہو رہے ہیں ،اگلے مرحلہ میں فکری تحریک ، برداشت، رواداری اور پاکستان کے مستقبل کیلئے حقیقت پسندانہ اور قابل عمل پروگرام دیا جائے گا ۔

صوبائی صدر پنجاب رانا مبشر علی خان نے ا ولڈ سٹوڈنٹس لیڈرکے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا قیام وقت کی ضرورت تھی،سیاسی طور پر رواداری ، وضع داری ، بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حب الوطنی کے جذبہ کو لے کر میدان میں اُترے ہیں، پاکستانی کے جھنڈے تلے سب کو اکٹھا کرنے کا کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،اس سلسلے میں تنظیم کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا ہے اور آن لائن ممبر شپ کا آغاز ہوچکا ہے، مختلف طلباء تنظیموں کے بہت سے سابقہ عہدیداران قومی دھارے میں شامل ہو چکے ہیں،مرکز ،تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کی سطح پر تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں اور اب ہر ڈویژن ، ڈسٹرکٹ اور سٹی تنظیم سازی جاری ہے ،تمام سابق طالب علم رہنماؤں کو دعوت دی جاتی ہے

او ایس ایل میں شمولیت کریں اور اس تنظیم کے دائرہ کار کو بڑھانے میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو مضبوط ریاست بناسکیں۔ پریس کانفرنس سےپنجاب کے صوبائی نائب صدرمرزا منصور بیگ،، مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجینئر عدنان حسن، خالد نواز بوبی، محمد بنارس چوہدری اورشہزادہ بٹ نے بھی اظہار خیال کیا۔