ملک بھر کے 41 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

178
ضلع اٹک میں پولیو مہم 16 دسمبر سے شروع ہو کر 20 دسمبرتک جاری رہے گی،ڈپٹی کمشنر اٹک

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):ملک بھر کے41 اضلاع میں پیر یکم جولائی سے شروع ہونے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 95 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے دوران بلوچستان کے 16 ، خیبرپختونخوا کے 11 ، سندھ کے 8 ، پنجاب کے 5 اور اسلام آباد کی مخصوص یونین کونسلز میں گھر گھر پولیو مہم چلائی جائے گی، بلوچستان میں پولیو کیسز کی تشخیص اور 40 سے زائد اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے پیش نظر پولیو سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ 11 اضلاع میں جزوی مہم ہوگی۔وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں معذوری کا باعث بننے والی اس بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا اور اس وائرس کا ملک سے خاتمہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ہم پولیو ویکسینیشن ٹیمیں شہریوں کے دروازے پر بھیج رہے ہیں خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں وائرس موجود ہے۔ براہ کرم اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ ان پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) محمد انوار الحق نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم پولیو مہم ہے جو ان علاقوں میں چلائی جارہی ہے جہاں وائرس کی مسلسل موجودگی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا: ’پولیو پروگرام نے بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے اس سال اب تک پانچ پولیو مہمات کا انعقاد کیا ہے۔ بہت سے اضلاع میں وائرس کی موجودگی کے پیش نظر والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا کوئی موقع ضائع نہ کریں اور اسے قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ہر پولیو مہم میں بھرپور حصہ لیں۔