ملک دشمن عناصر پولیو ویکسین کے خلاف من گھڑت افواہیں پھیلا رہے ہیں ،وفاقی وزیرصحت عبدالقادرپٹیل

67

پشاور۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے کہاہے کہ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے نہ پلانا اپنی نئی نسل کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے، ایسے والدین اپنے بچے ساری عمر کیلئے معذور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے حکومت کا نہیں بلکہ اپنے بچوں کا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پولیو ویکسین کے خلاف من گھڑت افواہیں پھیلا رہے ہیں ایسا کرکے وہ ملک و قوم کے ساتھ ظلم کرتے ہیں۔ وہ کمشنر بنوں ڈویژن ارشد خان کے دفتر میں بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں انسداد پولیو سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس اور بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کو کمشنر بنوں ڈویژن ارشد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بنوں ڈویژن میں پولیو کے دوبارہ سر اٹھانے کی مختلف وجوہات ہیں جن میں لوگوں کی گرمیوں اور سردیوں میں نقل مکانی، افغانستان کے ساتھ آمد و رفت اور دیگر شہروں کی طرف نقل مکانی ہے۔ اس کے علاہ پولیو قطرے پلانے کی غلط نشاندہی، پولیو قطروں کے خلاف غلط فہمیاں اور پروپیگنڈا بھی شامل ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو نئے کیسز سامنے آنے کے تناظر میں انسداد پولیو کے لیے بنوں ڈویژن میں اٹھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ایم این اے آغا رفیع اللہ، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر لطیف، انسداد پولیو کے وفاقی حکام شہزاد بیگ، انسداد پولیو کے صوبائی کوآرڈینیٹر عبد الباسط، ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی،ڈپٹی کمشنر بنوں محمد زبیر خان نیازی، ڈپٹی کمشنر ٹانک ارشد قیوم برکی، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان امجد معراج، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان عنایت اللہ وسیم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان دولت خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنوں شبیر خان اور انسداد پولیوکے دیگر حکام موجود تھے۔

اس موقع پر بریفنگ لیتے ہوئے انہوں نے معاشرے کے ہر طبقہ فکر کے سمجھدار لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور ملک و قوم پر احسان کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا اپنے ملک سے خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اس دوران کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر لطیف نے بھی وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کو ڈی آئی خان میں پولیو کی صورتحال اور وہاں انسداد پولیو کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اجلاس کو تفصیلی بریفننگ دی۔

قبل ازیں وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں محمد صالح اور فائزہ اور ان کے اہل خانہ سے ملے۔ وفاقی وزیر نے ان سے تفصیلات سنی اور انکی مالی معاونت بھی کی۔ وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کے والدین سے کہا کہ بچوں کو متواتر انسداد پولیو قطرے نہ پلانے سے ان دو معصوم بچے مفلوج ہو گئے تاہم آئندہ احتیاط سے کام لیتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں کیونکہ یہ ایک دینی، قومی، اور اخلاقی فریضہ ہے۔