ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ،معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے،سابق وزیراعظم شہباز شریف

65
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Muhammad. Shahbaz Sharif's

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے ترجیحات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے میاں نواز شریف کے عوام کی تکالیف کے خاتمہ کو مرکزی انتخابی مرکز بنانے اور ملک کے لیے ان کے وژن کے عزم پر زور دیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں شہباز شریف نے بنیادی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا جس میں پسماندہ افراد کی مدد، ملکی معیشت کو بحال کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ شامل ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کے طور پر انہوں نے عام شہریوں کو متاثر کرنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے اپنی پارٹی کی ثابت قدمی کی تصدیق بھی کی۔شہباز شریف نے زور دے کر کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان بحرانوں سے نمٹنے،معاشی استحکام، عوام کو ریلیف فراہم کرنے، قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم رہے گا۔انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے،انہیں تعلیم دینے اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے حوالہ سے اپنی پارٹی کی مضبوط توجہ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے ہماری انتخابی حکمت عملی اور وژن عوام کو درپیش چیلنجز اور مصائب سے نمٹنے کو ترجیح دیتا ہے۔

شہباز شریف نے میاں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو پاکستان آمد کے انتظامات کے حوالہ سے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ مختلف تنظیموں کے ساتھ رابطوں کو بڑھا دیں تاکہ ان کے پارٹی قائد کے شاندار استقبال کو یقینی بنایا جا سکے۔