اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ملک سے منشیات کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے، منشیات کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے فیصل آباد میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے انتظامیہ اور انٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ میٹنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاون شروع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی انتظامیہ بہت ہی قابل اور پیشہ ور ٹیم ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ فیصل آباد کو منشیات سے پاک کرنا ہے کیونکہ اس سے ہماری نئی نسل برباد ہو رہی ہے جو کہ کسی بھی صورت قبول نہیں۔منشیات فروشوں کو چھوٹ ہے اور منشیات کے غریب عادی کو گرفتار کیا جاتا ہے۔منشیات فروشوں کے خلاف سخت ترین قانون سازی کی جاری ہے۔