ملک سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7.1 فیصدکی کمی ریکارڈ

141
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):ملک سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7.1 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات اور آل پاکستان ملز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں ٹیسکٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 8.80 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.1 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 9.47 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ دسمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.35 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر2021کےمقابلہ میں 17.2 فیصد کم ہے ۔

دسمبر 2021 میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 1.64 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادو ں پر 5.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نومبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 1.43 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو دسمبر میں کم ہو کر 1.35 ارب ڈالر ہو گیا۔