ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے اعلی سطحی اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد‘ دسمبر 2016ءتک پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق

146

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ملک سے پولیو کے وائرس کے مکمل خاتمہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس جمعہ کو وزیراعظم ہاﺅس میں ہوا۔ وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، انسداد پولیو کے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور فاٹا سمیت تمام صوبوں کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق اجلاس میں دسمبر 2016ءتک پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان برائے پولیو 2016-17ءپر بھرپور عملدرآمد کیلئے سخت نگرانی و احتساب کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اجلاس میں انسداد پولیو اقدام (پی ای آئی) اور توسیعی پروگرام برائے ایمیونائزیشن (ای پی آئی) کے ذریعے سی بی وی علاقوں میں قابل عمل پلانز کے موثر نفاذ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اس موقع پر ملک سے پولیو کے خاتمہ کے نیک کام کیلئے خدمات سرانجام دینے پر قومی پولیو ہیروز کو بھرپور انداز میں سراہا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں اہداف کے حصول کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے والے عملے کا کم از کم مئی 2017ءتک تبادلہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ موجودہ حکومت کے نیشنل پبلک ہیلتھ ایجنڈا کے موثر نفاذ کیلئے ایمرجنسی آپریشنز سنٹر برائے پولیو نیٹ ورک کو بروئے کار لانے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبائی حکومتیں صحت کے نظام کو مضبوط بنائیں گی اور پولیو وائرس کے خلاف قومی مہم پر موثر انداز میں عملدرآمد کریں گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد، سیکرٹری صحت محمد ایوب شیخ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹریز، فاٹا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت پنجاب، کوآرڈینیٹر بلوچستان کے علاوہ جی ایچ کیو اور وزارت داخلہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔