اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کےلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ اتوار کو پی ٹی وی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ انسداد پولیو کی مہم کے دوران مستقبل کی نسل کو محفوظ بنانے کےلئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے لازمی پلائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کی کامیابی کےلئے والدین پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمہ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور معاشرے کے ہرفرد کو اس حوالے سے اپنا کردارادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی قومی مہم کے دوران پانچ سال کی عمر تک ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی قومی مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 40 ملین سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے اور وٹامن اے سپلیمنٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو قطرے پلانے والی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔
مزید برآں نگراں وفاقی وزیر نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کےلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے انسداد پولیو کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ہر ایک گھر میں جا کر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔