ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر صحت کی قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹرکے دورہ پر گفتگو

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ اور سپیشل سیکرٹری افتخار شلوانی نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کا دورہ کیا اور پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی ٹیم سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کے لئے کام کرنے والی تجربہ کار ٹیم سے مل کر خوشی ہوئی،دورہ سے پولیو کے لئے درپیش چیلنجز کا علم ہوا، پولیو کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششیں لازمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا اور بہت جلد پاکستان سے بھی پولیو کا خاتمہ ہو جائے گا۔رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے بنوں کا دورہ کیا تھا اور اس دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کے خاندانوں سے ملاقات بھی کی تھی۔ اس دوران سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وقت ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وفاقی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے پولیو کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔وفاقی وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پاکستان پولیو فری ہو جائے گا۔رواں برس خیبرپختونخوااور شمالی وزیرستان سے پولیو کے چھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔