عالمی یومِ ماحولیات ہمیں زمین، ماحول اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی یومِ ماحولیات ہمیں زمین، ماحول اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے

کراچی۔ 05 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی یومِ ماحولیات ہمیں زمین، ماحول اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔سی ایم ہاؤس سے جمعے کو عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر جاری پیغام میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اب مستقبل کا نہیں بلکہ موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے، شدید گرمی، غیر معمولی بارشیں، سیلاب، سمندری کٹاؤ اور آلودگی ماحولیات کو درپیش خطرات کی واضح نشانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول دوست پالیسیوں، شجرکاری، صاف توانائی اور آلودگی کے خاتمے کےلئے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ، قابلِ تجدید توانائی اور گرین منصوبوں کے فروغ کےلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی، فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تباہی کے خلاف ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ماحول کے تحفظ کی سب سے بڑی امید ہے، ان کی شمولیت سے مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ ہم زمین کو محفوظ بنانے کےلئے عملی اقدامات کریں۔انہو ں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ درختوں کا تحفظ، شجرکاری اور قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ترقی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ماحول کے تحفظ اور کاربن اخراج میں کمی کےلئے ہم سب کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صاف، سرسبز اور پائیدار سندھ کا قیام ہماری حکومت کے وژن کا اہم حصہ ہے،ماحولیاتی تحفظ صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت موسمیاتی اور ماحول دوست منصوبوں پر مزید کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آئیں مل کر اپنی زمین، اپنے ماحول اور اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کےلئے عہد کریں۔