"شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد عالم شیر کی برسی کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی امن و امان کے لیے پولیس شہداء کی خدمات کو سراہا گیا۔”
شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد عالم شیر کی برسی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 26 جولائی (اے پی پی):شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد عالم شیر کی برسی کے موقع پر ان کی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈی ایس پی صدر سرکل شاہد علی نے شہید کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر پولیس افسران اور اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے شہداء پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈی ایس پی صدر شاہد علی نے کہا کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد عالم شیر نے آج سے 18 برس قبل ڈاکوؤں کا بہادری اور جرات کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہادر سپوت پوری پولیس فورس کا فخر ہیں جنہوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو پوری ذمہ داری اور لگن کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس قوم کا قیمتی سرمایہ اور ہمارا فخر ہیں، ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے بچوں اور لواحقین کی ہر ممکن معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور فیصل آباد پولیس اپنے شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق برسی کی تقریب کے اختتام پر شہداء پولیس کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔







