"نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے خطے کی صورتحال، علاقائی امن و استحکام، سفارت کاری، مذاکرات اور اقوام متحدہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ پاکستان نے مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔”
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رافیل گروسی کی گفتگو، خطے کی صورتحال، مذاکرات اور اقوام متحدہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نےاتوار کو ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، علاقائی امن و استحکام، سفارت کاری کے فروغ اور اقوام متحدہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارت کاری، مکالمے اور تعمیری روابط کا تسلسل ناگزیر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھیں گے تاکہ ایک پائیدار اور پرامن حل تک پہنچا جا سکے۔گفتگو کے دوران ڈائریکٹر جنرل گروسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری کے بارے میں بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔







