اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں یکم ستمبر سے پولیو کے خاتمے کے لئے قومی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ جنوبی خیبرپختونخوا میں یہ مہم 15 ستمبر سے شروع کی جائے گی۔ بدھ کو نیشنل کوآرڈینیٹر برائے پولیو محمد انوار الحق نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی نگرانی وہ خود کریں گے اور ہائی رسک ایریاز میں موثر حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس ہمارے ماحول میں اب بھی موجود ہے، اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ویکسینیشن نہایت ضروری ہے۔
وزیر صحت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے صحت مند مستقبل کے لئے انہیں پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کا علاج ممکن ہے لیکن پولیو کا کوئی علاج نہیں، اس لئے ہمیں احتیاط اور ویکسینیشن کے ذریعے ہی اس مرض سے بچاؤ ممکن بنانا ہوگا۔مصطفیٰ کمال نے والدین کو خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچائیں۔