ملک عمران خان کی مرضی کے مطابق نہیں چلایا جا سکتا، وزیر دفاع خواجہ آصف کی قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت

49
Defense Minister Khawaja Muhammad Asif
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک عمران خان کی مرضی کے مطابق نہیں چلایا جا سکتا، بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن چل رہا ہے، کے پی کے حکومت کو زمان پارک میں یرغمال کیا ہوا ہے، بنوں میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کو یرغمال بنانے والے تمام دہشت گرد مارے گئے ہیں، دو شہادتیں ہوئیں اور 12 سے 14 جوان زخمی ہوئے۔

انہوں نے منگل کو قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان ایک پاگل شخص ہے، ملک اس کی مرضی کے مطابق کیسے چلایا جا سکتا ہے، اپنے دور حکومت میں اس نے ملک کی معیشت کو برباد کر دیا، پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کیلئے تحریک انصاف اور عمران خان نے ہرممکن کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک آئین اور قانون کے مطابق چلانا ہوتا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بنوں میں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو یرغمال بنایا لیکن کے پی کے کی حکومت وہاں سے فرار ہو چکی ہے جو اس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، کے پی کے حکومت کو زمان پارک میں عمران خان نے یرغمال بنایا ہوا ہے اور صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کیا گیا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے آپریشن کیا گیا جس میں تمام دہشت گرد مارے گئے ہیں، آپریشن کی تکمیل کے بعد تفصیلات ذرائع ابلاغ کیلئے جاری کی جائیں گی۔