لاہور۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ملک معاشی بہتری کی جانب گامزن ہے،اہداف حاصل کرنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی) کے زیر اہتمام سی ایف او کانفرنس2025 ” رائیڈنگ اکنامک ویو:کیا ہم رفتار حاصل کر رہے ہیں؟” کےموضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان کو پوری دنیا سے انتہائی مثبت جواب ملا کیونکہ پاکستان نے اپنی سر زمین پر بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ بہترین سفارت کاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو بھی بتایا کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ جنگ کے بعد پاکستان اس عالمی تبدیلی سے فائدہ اٹھا رہا ہے جس نے اس کیلئے بے پناہ مواقع پیدا کئے ہیں،اسی سلسلہ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی ٹیم کے ارکان کے ہمراہ ترکیہ ،ایران اور وسطی ایشیا کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اب بہت سے ممالک پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات قائم کرنے یا بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ ہمسایہ ملک چین ہمارا ہر وقت میں آزمایا ہوا گہرا دوست اور تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو بہتر کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ میوچل فنڈز پر روڈ شو کیلئے برطانیہ جانے والی محکمہ خزانہ کی ٹیم کا حصہ تھے اور پاک بھارت حالیہ جنگ کے باعث ان کیلئے اپنے ایجنڈے کو جاری رکھنا بہت مشکل ہو گیا تھا تاہم وزیر خزانہ نے اگلے روز سرمایہ کاروں کے روڈ شو میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا تاکہ پاکستان کا عالمی سطح پرنقطہ نظر واضح ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس سیشن میں 70سرمایہ کاروں کا اجتماع ہونا تھا،اس میں مختلف ممالک کے 120سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ اس سیشن کے دوران ہم نے سرمایہ کاروں کو امن کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر اور بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے نپے تلے ردعمل سے آگاہ کیا تھا،ہم نے بہت کامیابی سے شرکا کو باور کرایا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس پر انہوں نے نہ صرف پاکستان کو سراہا بلکہ جنگ بندی میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں معدنیاتی کانوں ،دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بڑی اقتصادی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی آمدنی میں اضافے ، معیشت اور گورننس کو بہتر بنانے کیلئے ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے موثر اور قابل عمل اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہماری سرمایہ کاری اور محصولات بڑھیں گے تو ہم ترقی کی جانب مزید بجٹ مختص کرنے کے قابل ہو جائیں گے،اس طرح پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کیلئے نجکاری پر بھی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے، مالیاتی اصلاحات، ٹیکس اصلاحات، پالیسی اصلاحات، پنشن اصلاحات کے ساتھ ساتھ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری ناگزیر ہے۔آخر میں آئی سی اے پی کے صدر سیف اللہ نے مشیر خزانہ کو ایک یاد گاری سووینئر پیش کیا۔قبل ازیں آئی سی اے پی کے نائب صدر محمد اویس،سیکرٹری عمیر جمال،ممبر کلائمیٹ چینج اینڈ فوڈ سکیورٹی، پلاننگ کمیشن آف پاکستان نادیہ رحمان،معروف ماہر اقتصادیات شاہد ایچ کاردار اور دیگر ممتاز مقررین نے کانفرنس میں اپنے خیالات اور تجربات سے آگاہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602677