اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے انتخابات کرانے کے معاملے پر حکومت کے ساتھ بیٹھ کر بات کرے، ملک میں آئندہ عام اور بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کرائے جائیں گے، حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔
جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان انتخابات میں شفافیت اور جمہوریت کے استحکام کیلئے انتخابی اصلاحات کے لئے پرعزم ہیں، آئندہ عام اور بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کرائے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سماجی ، قانونی ، آئینی اور انتخاب سمیت متعدد اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشارے دن بدن بہتری کی طرف گامزن ہیں، وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت ملک میں حکومت کی مثبت اور نتیجہ خیز پالیسیوں کی وجہ سے معیشت میں نمایاں بہتری آرہی ہے اور عوام غربت سے باہر نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کے باوجود رواں برس پاکستان کی برآمدات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔