ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے نوجوانوں کا بے مثال کردار رہا ہے, سکینہ عبداللہ خان

145

کوئٹہ۔ 12 اگست (اے پی پی):صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی ویمن سکینہ عبداللہ خان نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے نوجوانوں کا بے مثال کردار رہا ہے۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اپنی زندگی آئین اور جمہوریت کے لئے وقف کی، پھانسیاں، کوڑے، تشدد اور قید خانے قبول کرکے جمہوریت کو فتحیاب کیا۔

سکینہ عبداللہ خان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کو ہمیشہ نوجوان چادر دی ہے۔ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پید کیا ہے۔سکینہ عبداللہ خان نے کہا کہ بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان احساس محرومی کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عہدکے نوجوانوں کو تاریخ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ آنے والی نسلوں کو باوقار اور مہذب معاشرہ دینے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔سکینہ عبداللہ خان نے کہا کہ ملک جب بھی مشکلات کا شکار ہوا پیپلزپارٹی نے ملک کو مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق نوجوانوں کو آئندہ بھی بہتر مستقبل فراہم کرے گی۔