27.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں،...

ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا، مرتضیٰ سولنگی

- Advertisement -

ملتان ۔6دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ہم ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، 8 فروری 2024ءکو عام انتخابات ہوں گے، یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا، آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، بنیادی فیصلہ سازی نگران حکومتوں کا کام نہیں، یہ منتخب حکومت اور منتخب پارلیمان کا کام ہے، ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی حکومت کو منتقل کر کے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن ملتان سنٹر کی 24 گھنٹے علاقائی نشریات کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم اس وقت انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان شاءاللہ 8 فروری 2024ءکو عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، اس عمل تک پہنچنے کے لئے میری خواہش ہے کہ پی ٹی وی ملتان سنٹر اس خطے کے عوام کے حقیقی مسائل اور ان کی امنگوں اور خواہشات کو اجاگر کرنے کے لئے ان کی آواز بنے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے معاشی و ثقافتی مسائل کئی دہائیوں پرانے ہیں، ان کے حل کے لئے پی ٹی وی ملتان غیر جانبدار رہتے ہوئے اس خطے کی سیاسی جماعتوں سمیت مختلف لوگوں کی آراءکو پیش کرے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اصل فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، انتخابات میں عوام اپنی مرضی کا اظہار کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت فوڈ سیکورٹی اپنا کام کر رہی ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت زراعت کے لئے کچھ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، زراعت صوبائی سبجیکٹ ہے لیکن اس معاملے میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں مل کر کام کریں گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا بھی آزاد ہے، عدلیہ بھی آزاد ہے، انتخابی عمل درست طریقے سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شور شرابہ اور آوازیں جمہوریت کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی پارلیمان اور حکومت کی کارکردگی کے بارے میں پیشنگوئی نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی ماضی کی حکومتوں پر تبصرہ کرنا ہمارا کام ہے۔ ہمارا کام یہ ہے کہ ملک جس حالت میں ہمیں ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کو دے کر جائیں۔ قبل ازیں انہوں نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کے خطے کے لوگوں کے لئے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ آج سے پی ٹی وی ملتان سینٹر 24 گھنٹے نشریات شروع کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سینٹر سے کچھ پروگرام براہ راست نشر ہوں گے اور کچھ ریکارڈڈ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ میں تقریباً آٹھ پروگرام حالات حاضرہ کے ہوں گے، اس کے علاوہ موسیقی، ادب، بچوں اور خواتین کے لئے بھی خصوصی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی واحد براڈ کاسٹر ہے جس کی نشریات انٹینا کے ذریعے بھی دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ اس کی نشریات کیبل اور سیٹلائٹ پر بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خطے کے بہت سے لوگ پاکستان سے باہر بستے ہیں، پی ٹی وی ملتان کی نشریات تقریباً 50 ملکوں میں براہ راست دیکھی جا سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو تھے اس وقت ہم نے سرائیکی میں خبریں نشر کرنے کا فیصلہ کیا، یوسف رضا گیلانی صاحب وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے سرائیکی زبان میں خبروں کا پہلا بلیٹن پڑھا، اس میں ان کا بہت اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان کے پاس 24 گھنٹے نشریات کی صلاحیت آ چکی ہے جو نہ صرف خطے کی ثقافت، علم، ادب و زبان کو فروغ دے گا بلکہ یہاں کے عوام کے اصل مسائل اور ان کے معاشی و ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لئے بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417372

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں