اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اس کی سمت کو درست کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ 2050 تک کیلئے پلان ترتیب دے رہے ہیں، نجی شعبہ کی یونیورسٹیوں کا اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے کردار قابل تعریف ہے۔
ایچ ای سی کے قیام کے 20 سال مکمل ہونے پر چیئرمین ایچ ای سی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایچ ای سی 11 ستمبر 2002 میں یونیورسٹی گرانٹ کمیشن سے وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے قیام کو 20 سال ہو گئے ہیں، ہم ایچ ای سی کے قیام کی 20ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس دوران اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے بہت سے کام کئے اور بہت سے کام جو ہونے چاہئیں تھے، نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دوبارہ سے اپنی ٹیم کو ایک ٹیبل پر جمع کیا اور اس بات کا احاطہ کیا جا رہا ہے کہ اس دوران رہ جانے والی خامیوں کو دور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا گیا ہےاور ان کے ساتھ تمام امور کو زیر بحث لایا جا رہا ہے تاکہ رہ جانے والی خامیوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2050 تک کیلئے ایک پلان ترتیب دے رہے ہیں کہ کیسے اعلیٰ تعلیم کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اس کیلئے تمام یونیورسٹیوں سے تجاویز لی جا رہی ہیں تاکہ ہم اپنی سمت کو درست کر سکیں اور مستقبل میں اپنے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کر سکیں۔
انہوں نے اس موقع پر نجی شعبہ میں کام کرنے والی یونیورسٹیوں، فیکلٹی اور طلبا کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کردار کو بھی سراہا۔