اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اور پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پہلے مرحلے میں 30 الیکٹرک بسیں پہنچ چکی ہیں،الیکٹرک بسوں کے بس ڈپو میں بیک وقت 12 بسوں کی چارجنگ ہو سکتی ہے،الیکڑک بسوں کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا آج جمعہ کو افتتاح ہو رہا ہے،یہ گاڑیاں ماحول دوست ہیں ان کے استعمال سے ایندھن کی بچت بھی ہو گی۔جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر دنیش کمار اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مستقبل الیکٹرک وہیکلز کا ہی ہے، ایک تو اس سے ماحول کے منفی اثرات سے ہم بچ سکتے ہیں اور دوسرے فیول کی بھی بچت ہوتی ہے ، اب اس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔اسلام آباد کے لیے الیکٹرک گاڑیاں درآمد کی گئی ہیں ،اسلام آباد میں پہلے مرحلے میں30 الیکٹرک بسیں پہنچ چکی ہیں۔الیکٹرک بسوں کے بس ڈپو میں بیک وقت 12 بسوں کی چارجنگ ہو سکتی ہے۔ الیکٹرک بسوں کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا آج افتتاح ہو رہا ہے۔ یہ ماحول دوست منصوبہ ہے جس کو سراہا جا رہا ہے۔پاکستان میں چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع ہونے والی ہے۔ بجٹ میں بڑی الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ ہمارا مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہی ہے۔ یہ گاڑیاں ماحول دوست اور ایندھن کی بچت میں بھی مددگار ہوتی ہیں۔ ہم ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔الیکٹرک بسوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔