ملک میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کا فرض ہے،حکومت ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

45
سیکٹر ای 12 میں ترقیاتی کام تیز کردیا گیا ہے ، اتھارٹی نے متاثرین زمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کر دی ہے، معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کا فرض ہے،حکومت ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ٹی ایل پی پر پابندی عائد کردی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد احتجاجی مظاہروں کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے انتہاء پسندوں کے خلاف حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کی لیکن ٹی ایل پی کارکنان نے ملک کے مختلف شہروں کی سڑکوں کو بند کر کے انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور عام آدمی کی جان و مال کے تحفظ کرنا حکومت کا فرض ہے، ٹی ایل پی کے کارکن امن و امان کی خراب صورتحال خراب کر رہے تھے، ٹی ایل پی کارکنان نے بے گناہ پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے کچھ پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) لینڈ مافیا کی حمایت کرتی رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث ہیں۔