گوجرانوالہ۔29 دسمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور شہریوں نے 17ہزار جانوں کی قربانی دی جبکہ 50ہزار پاکستانی معذور ہو ئے، ان بے مثال قربانیوںسے حاصل ہونے والا امن بیش قیمت ہے، پاکستان میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والو ں کے چہرے عوام اچھی طرح پہچان لیں ،قوم متحد رہے گی تو بیرونی جارحیت کی کسی کو جرات نہیں ہوگی ، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ہم خود کریں گے ، 2007سے قبل گوجرانوالہ کھنڈر کی شکل اختیار کرچکا تھا اورشہریوں میں مایوسی پھیل چکی تھی‘ 2008ءمیں منتخب ہونے کے بعدسچی نیت والی قیادت نے ایک ترقی یافتہ گوجرانوالہ عوام کے سامنے تعمیر کرکے کھڑا کر دیا ہے ، صحت کی مفت سہولیات کی وجہ سے ڈی ایچ کیو اسپتال پر بے حد بوجھ ہے ،عوام کی آسانی کے لئے گوندلانوالہ میں450بستر کا نیا اسپتال زیر تعمیر ہے ،ڈی ایچ کیو اسپتال میں سرجیکل ٹاور کی تعمیر کے لئے کوشش جاری ہے ،نیا سال منانے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہم اللہ کی نعمتوںکا شکر ادا کریں۔