ملک میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہے، ملک کے معاشی حالات کی بہتری کیلئے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا خطاب

86

لاہور۔1مئی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے،محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے،اس وقت ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہے، ، لیڈر جب عوام میں نکلتا ہے تو سینہ تان کر آتا ہے مگر عمران خان منہ کالے ڈبے میں چھپا کرنکلتا ہے کیونکہ یہ ایک بزدل آدمی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں جو معاشی حالات ہیں اس کی بہتری کیلئے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ جلد ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مزدور کی کم سے کم اجرت 35 ہزار روپے مقرر کی ہے جبکہ میری خواہش ہے کہ مزدور کی کم سے کم اجرت 40 ہزار روپے ہونی چاہئے اور میں اس حوالے سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم محمد شہبازشریف سے اجرت بڑھانے کی سفارش بھی کروں گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی یہی کوشش ہے کہ پاکستانیوں کو اپنے ملک میں ہی روزگار میسر آئے، انہوں نے کہا کہ 2017 میں جب مسلم لیگ (ن) برسر اقتدار تھی تو اس وقت روٹی دو روپے کی تھی اور مزدور اپنے بچوں کے ساتھ پیٹ بھر کر کھانا کھاتا تھا ،

ملک میں ترقی کا دور دورہ تھا، سڑکیں بن رہی تھیں موٹر ویز بن رہی تھیں ، سی پیک پر تیزی سے کام جاری تھا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا تھا اور اس وقت دنیا یہ کہنے پر مجبور ہو گئی تھی کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنیوالے ممالک کی صف میں شامل ہو چکا ہے کیونکہ یہ سب کچھ محمد نوازشریف کی انتھک محنت کا نتیجہ تھا ، انہوں نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ آج یوم مزدور کے موقع پر فتنہ خان لاہور میں ریلی نکال رہا ہے میں اسے مشورہ دوں گی کہ آپ صرف ملک کے خلاف سازش کرنا بند کر دیں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہونا شروع ہو جائے گا اور مزدور خوشحال ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ آج ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہے کیونکہ2017 میں محمد نوازشریف جب وزیراعظم ہائوس میں موجود تھے

اس وقت ڈالر 100 روپے سے کم تھا آٹے کی قیمت 35 روپے سے بھی کم تھی اور اورنج لائن میٹرو بس جیسے منصوبے لائے جا رہے تھے جن کا سب سے زیادہ فائدہ متوسط طبقے کو تھا، انہوں نے کہا کہ پھر نوازشریف کے خلاف سازش ک گئی جو کہ درحقیقت پاکستان کے خلاف سازش تھی اور آج ملک کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان اور اس کو لانے والے ہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ آج 2018 والی سازش دوہرائی جا رہی ہے تاکہ عمران خان کو دوبارہ برسر اقتدار لایا جا سکے ، انہیں الیکشن کی جلدی نہیں انہیں یہ فکر کھائی جارہی ہے کہ ہمارے جانے کے بعد عمران کو لانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے ایوان صدر میں ہونیوالی ملاقات میں قمر جاوید باجوہ نے اسمبلیاں توڑنے کا مشورہ دیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان نشے کا عادی شخص ہے اسے سمجھ بوجھ نہیں کہ میں نے ملکی مفادات کیلئے کونسا اچھا فیصلہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور محمد نوازشریف جلد وطن واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ دوسروں کو چور کہنے والے کا اپنا بیٹا ٹکٹ دلوانے کے عوض ایک کروڑ 20 لاکھ روپے رشوت وصولی کی جو مبینہ آڈیو میں پکڑا گیا ہ۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کے حق میں ہوں کہ فون کالز ٹیپ نہیں ہونی چاہئے

مگر جو لوگ ملک کی سلامتی کے خلاف مسلسل سازش کر رہے ہوں ان کی حرکات و سکنات عوام کے سامنے آنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ لیڈر جب عوام میں آتا ہے تو سینہ تان کر آتا ہے مگر عمران خان منہ پر کالا ڈبہ پہن کر نکلتا ہے کیونکہ یہ ایک بزدل آدمی ہے، انہوں نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کی حکومت عمران خان کی لائی ہوئی تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ پاکستان 2017 والی ترقی پر واپس آ جائے گا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے نو سالہ دور اقتدار کو نکال دیا جائے تو ملک میں کھنڈرات بچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کی عوام اور دنیا نے دیکھ لیا کہ اصل سسیلین مافیا اور گارڈ فادر کون ہیں کیونکہ ملک کے خلاف سازش کرنیوالے سب کے سامنے ایکسپوز ہو چکے ہیں، مریم نواز نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا ایک سپریم ادارہ ہے اور اسکے کئے ہوئے فیصلے ملک ، عوام اور اداروں کی بہتری کیلئے ہوتے ہیں اور میں یہ بتا دینا چاہتی ہوں کہ پارلیمنٹ کے کئے ہوئے فیصلوں کو اداروں کو ماننا ہو گا۔