ملک میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، چمن سرحد پر بھی قانونی دستاویزات کے ذریعے آمد و رفت یقینی بنانے کے لئے جامع اقدامات کریں گے، نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی

61

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، چمن سرحد پر بھی قانونی دستاویزات کے ذریعے آمد و رفت یقینی بنانے کے لئے جامع اقدامات کریں گے۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد انتخابات ہوں تاکہ پارلیمنٹ مکمل ہو، چمن کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی کونے میں 30 سے 40 ہزار افراد بغیر دستاویزات کے ایک دوسرے ملک کی سرحدیں پار نہیں کرتے ہیں، ہم سفری دستاویزات کے ذریعے آمد و رفت کے خواہاں ہیں، چمن کی سرحد پر بھی قانونی دستاویزات کے ذریعے آمد و رفت یقینی بنانے کے لئے جامع اقدامات کریں گے۔