23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومقومی خبریںملک میں انتخابات کیلئے حالات سازگار ہیں، نگران حکومت انتخابات کے انعقاد...

ملک میں انتخابات کیلئے حالات سازگار ہیں، نگران حکومت انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنے وعدے پر قائم ہے، الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی سہولت اور سیکورٹی فراہم کریں گے، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی ”92 نیوز چینل“ سے گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کے لئے حالات سازگار ہیں، نگران حکومت انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنے وعدے پر قائم ہے، الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی سہولت اور سیکورٹی فراہم کریں گے۔ جمعہ کو ”92 نیوز چینل“ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کچھ لوگ افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں لیکن جہاں تک نگران حکومت کا تعلق ہے تو ہم پہلے دن سے مسلسل یہ بات کہہ رہے ہیں کہ انتخابات کے انعقاد کے لئے ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی سہولت کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے یہ شور مچایا جا رہا تھا کہ الیکشن نہیں ہوں گے اور پھر سب نے دیکھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوگیا۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پچھلی حکومت نے بنائی، اس کا تسلسل جاری ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت اقدامات کو قانونی اور آئینی تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ہم اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ جس حالت میں ہمیں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں آئندہ منتخب حکومت کو دے کر جائیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ آئین کی تمہید میں بھی لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن نے حتمی فہرست بھی جاری کر دی ہے، آج بھی چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام جماعتوں کو الیکشن ایکٹ 2017ءکے تحت انتخابی مہم کے لئے 54 دن ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حالات بالکل نارمل ہیں، کسی قسم کا کوئی امکان نہیں ہے کہ کسی بھی بہانے سے انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔

ایک اور سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی خواہشات پر لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے تو انہیں شکایت کرنے کا پورا حق حاصل ہے، ان کے لئے عدالتیں بھی کھلی ہیں، میڈیا بھی آزاد ہے اور قانونی راستے بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کوئی وزیر یا قریبی رشتہ دار الیکشن نہیں لڑ سکتا، اس ریس میں ہمارا کوئی گھوڑا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے، ہمارا کام آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے، الیکشن کے نتائج پر جہاں مبصرین کی نظر ہوگی وہاں میڈیا کی بھی نظر ہو گی، آج کے دور میں 25 کروڑ عوام کے ملک کے اندر 15 کروڑ لوگوں کے پاس موبائل فون ہو، ہر آدمی براڈ کاسٹر ہو اور الیکشن میں دھاندلی ہو اور لوگوں کو پتہ نہ چلے یہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018ءکے انتخابات کے حوالے سے یورپی یونین کی حتمی رپورٹ دیکھ لیں، اس میں تفصیلات موجود ہیں کہ کہاں کہاں بے قاعدگیاں ہوئی تھیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415701

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں