راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومت میں پانچ سال پورے کریں گے،ملک میں انتشار اورخونریزی کی بجائے مذاکرات بہترین راستہ ہے، پڑوسی ملک افغانستان میں مسلمان بھائیوں کی مدد کرنا اہم ہے ورنہ اس کے اثرات ہمارے ملک بھی پڑسکتے ہیں۔پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دے کر فائنل جیت لیا تھا۔
راولپنڈی میں رنگ روڈ، لئی ایکسپریس وے، ماں بچہ ہسپتال اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن یہاں کے شہریوں کے لیے بہترین منصوبے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے لیے راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق ،ڈائریکٹر کالجزشیراحمدستی اور کالج پرنسپل سمیت طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان سے پہلے دن سے مذاکرات کا حامی تھا اور حکومت کے درمیان جو معاہدہ ہوا ہے وہ بہت جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ سیشن اگر آگے چلا گیا ہے تو کوئی بات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ آئندہ ماہ کابل میں سردی بڑھ جائے گی اور ہم نہیں چاہتے کہ مسلمان ہونے کے ناطے کسی پڑوسی کو تکلیف میں تنہا چھوڑیں۔
وہاں بچے بھوک سے مررہے ہیں اور اگر کسی مسلمان کے پڑوس میں بچے بھوک سے مریں تو مسلمان سو نہیں سکتا۔ان کی مدد کرنا ہوگی ورنہ افغانستان کے اثرات براہ راست پاکستان پرپڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم اور میری ماں کی دعائیں میرے ساتھ ہیں جو مجھے مسائل سے نکال دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حکومت میں پانچ سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیرشیخ رشید احمد نے کہا کہ کرکٹ میچ میں جس دن پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی میرے لیے اسی دن پاکستان فائنل جیت چکا تھا اورمیری دعائیں تمام پاکستانی کرکٹ کے کھلاڑیوں کے لیے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اپنی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں رواں ماہ رنگ روڈ، نالہ لئی ایکسپریس وے شروع کرنے کے ساتھ ماں بچہ ہسپتال کی تکمیل ہوگی جس کے بعد شہر بھر میں آتشبازی اورچراغاں کیا جائے گا،
راولپنڈی کی عوام کے لیے قبرستان کی ایک ہزار کنال اراضی مختص کی گئی اور جلد قبضہ حاصل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی تمام ڈھوک میں بچیوں کے لیے کالج بنائے، شہر میں تین یونیورسٹیاں بنائیں کیونکہ اس شہر کی بچی پڑھی لکھی ہوگی تو قبضہ گروپوں اورمنشیات فروشوں کا مکمل صفایا ہوجائے گا