ملک میں انجینئرنگ کے شعبہ کے فروغ کے لیے پی ای سی کا کلیدی کردار ہے ، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان

149
Dr. Iqrar Ahmad Khan
Dr. Iqrar Ahmad Khan

اسلام آباد ۔13دسمبر (اے پی پی):وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہاہے کہ ملک میں انجینئرنگ کے شعبہ کے فروغ کے لیے پی ای سی کا کلیدی کردار ہے ، طلباء کی ڈیزائن پراجیکٹ فنانسنگ میں بھرپور دلچسپی بھی قابل ستائش ہے ۔پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں پاکستان انجینئرنگ کونسل پاکستان ڈویلپمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام فائنل ائیر ڈیزائن پراجیکٹ فنانسنگ2023-24کے دوسرے فیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل یونیورسٹی کی سطح پر اکیڈمی اور انجینئرنگ کے طلبا کی مدد کے لیے سامنے آرہی ہے، جس کے ذریعے انہیں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق پروجیکٹس فراہم کرنے اور پاکستان کی خدمت کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ انجینئر میر مسعود رشید نے ایسے پلیٹ فارم منعقد کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی جس کے ذریعے پاکستان کے معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی انڈسٹری کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے فائنل ایئر پراجیکٹس فنانسنگ کے بنیادی مقصد کے بارے میں بتایا، جو بنیادی طور پر نوجوان انجینئرز کے کاروبار کے فروغ پر مرکوز ہے۔انجینئر محمد نجیب ہارون نے کہاکہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کریں جس کے لیے پی ای سی نے ان کی مدد کے لیے متعدد اقدامات کیے۔