اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرونی ممالک منتقلی میں گزشتہ مالی سا ل کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 کے دوران پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے اپنی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 2.215 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بیرون ممالک منتقل کیا جو مالی سال 2023کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کررہا ہے۔
مالی سال 2023 میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 331 ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈکی گئی تھی۔ جون 2024 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 414.5 ملین ڈالر ز بیرون ممالک منتقل کئے جو گزشتہ سال جون میں 17.9 ملین ڈالر تھے۔
عدادوشمار کے مطابق مالیاتی بزنس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے گزشتہ مالی سال کے دوران منافع کی مد میں 638.6 ملین ڈالر ، بجلی 245.8 ملین ڈالر، مواصلات 205.4 ملین ڈالر ، ٹرانسپورٹ 173.9 ملین ڈالر ، خوراک 154 ملین ڈالر ، پٹرولیم ریفائننگ 130.9 ملین ڈالر، تجارت 86.7 ملین ڈالر ،کیمیکلز 76.2 ملین ڈالر، سیمنٹ 73.3ملین ڈالر ، مشروبات 67.3 ملین ڈالر، آٹوموبائل 56.2 ملین ڈالر ، کان کنی 51.3 ملین ڈالر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے منافع کی مد میں 255.6 ملین ڈالر اپنے ممالک منتقل کئے۔