اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ، حکومت نجی شعبے کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیسلے پاکستان کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ، حکومت نجی شعبے کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔رانا تنویر حسین نے نیسلے پاکستان کی شاندار برآمدی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کمپنی کی کامیابی کو ملک کے نجی شعبے کی لچک کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے نے کامیابی سے 26 ممالک کو اپنی برآمدات میں اضافہ کیا ہے جس سے ملک کے فارن ریزروز میں نمایاں اضافہ اور معیشت کی بحالی کے حکومتی منصو بوں میں معاونت ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیسلے کی کامیابی اس اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے جو کاروبار کسی ملک کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ادا کرتے ہیں،انہوں نے کمپنی کو معیار اور بہترین کارکردگی کے لیے اپنی وابستگی کو جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے کے مشہور برانڈز بشمول ایوری ڈے، وائٹل اور ملک پیک کریم کامیابی کے ساتھ مقامی صارفین تک پہنچ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے ملک کو ایک اہم برآمدی مرکز کے طور پر قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نیسلے کی کامیابی کو دوسرے کاروباروں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر بیان کیا۔ رانا تنویر نے نیسلے کے سی ای او اور ٹیم کو قومی معیشت میں ان کے تعاون پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کمپنی 2030 تک اپنا100 ملین ڈالر کا ہدف حاصل کر لے گی۔