ملک میں جلاؤ گھیراو کر کے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے والے شخص کو چوبیس گھنٹوں میں ریلیف دے دیا گیا،خورشید احمد

134

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اپنی گرفتاری پر پورے ملک میں جلاؤ گھیراو کر کے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے والے شخص کو چوبیس گھنٹوں میں ریلیف دے دیا گیا۔ اتوار کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جانبداری سے عمران خان کی ذات کو تو فائدہ پہنچ سکتا ہے مگر اس سے ملک کی نیک نامی اور سالمیت کو شدید نقصان پہنچے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اتنے تیز، سپر انصاف کی مثال پوری دنیا میں پہلے کہیں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے سے لیکر آج تک ہر قسم کا اور فوری عدالتی ریلیف صرف عمران خان کو ہی مل سکا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کو نقصان پہنچانے کی سازش ہورہی ہے اور ہم ہمیشہ کی طرح اس کو بھی ناکام بنائیں گے۔۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ایک صوبے کی بجائے پورے پاکستان کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ چھوٹے صوبوں میں جانبداری اور محرومی کے تاثر کو مضبوط ہونے سے روکا جا سکے۔