ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

112

ملتان ۔13 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اسمبلیوں سے باہر بیٹھنے والوں کو انتظار کرنا ہوگا، 2023ءکے انتخابات میں بھی عوام حکومت کی پالیسیوں کے تسلسل کی بدولت ایک بار پھر واضح اکثریت سے تحریک انصاف کو اقتدار میں لائیں گے۔ اپنے منشور کے مطابق صحیح سمت پر گامزن ہیں، ملک میں تبدیلی کا سفر شروع ہو چکا ہے، لٹیروں پر ہاتھ ڈال دیا گیا ہے، لٹیروں کو جیل جانا ہوگا یا لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہوگی، پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں بھرپور کامیابی پر یہاں کے غیور عوام کے مشکور ہیں، عوام نے پی پی ، ن لیگ کے مشترکہ امیدوار کو شکست دیکر تحریک انصاف پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا،ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، اقتدار آنی جانی چیز ہے عوام میں سے ہیں اور عوام کے درمیان رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران پی پی 218 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ملک واصف مظہر راں کی شاندار کامیابی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کی تحریک انصاف میں شمولیت پر اظہار تشکر ،وفود سے ملاقات ، میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی ، پی پی 218سے رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں سمیت مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین ، کونسلرز و علاقہ کی سرکردہ شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔ وزیر خارجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر تشویش ہے، انسانی جانوں کی شہادتوں کی پرُ زور مذمت کرتے ہیں، دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا، سابقہ حکومتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے دہشتگردی کی وباءپر قابو نہیں پایا جاسکا، ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے، اس مقصد کیلئے اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے اور وزیر اعظم عمران خان کی اجازت سے نیشنل ایکشن پلان پر قومی یکجہتی کیلئے اپوزیشن کو خط بھی لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو معاشی بحران ورثہ میں ملا ہے، خزانہ خالی ہے، بہت سے قومی ادارے تباہی کے قریب ہیں، تحریک انصاف کی معاشی ٹیم ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے سرگرم ہے، وزارت خارجہ نے فارن ڈپلومیسی کے ساتھ اکنامک ڈپلو میسی کا بھی آغاز کیا ہے جس کے تحت بیرون ملک فارن مشنز پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار کریں گے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی تو ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کے مطابق ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے ایک مربوط پروگرام مرتب کررہی ہے جس کے تحت نئے پاکستان کے غریب دوست پروگرام ”احساس“ کے تحت غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا، عوام کو صحت کارڈ کی فراہمی ، شیلٹرز ہومز کی تعمیر ، احساس ، سستا گھر سکیم،وزیراعظم پورٹل برائے عوامی شکایات جیسے اقدامات عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف اور خلوص کے ساتھ عوامی خدمت کے سفر پر گامزن ہیں جن کی نیت صاف ہو وہ منزل مقصود تک پہنچ جاتے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی یونین کونسل قادر پور راں گئے جہاں انہوں نے ملک نسیم راں اور ملک فرخ راں کو پی پی 218 کے الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ وزیر خارجہ یوسی بنگل والہ سابق چیئرمین پپو خان بلوچ کی رہائش گاہ پر گئے اور الیکشن میں سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ یوسی ٹاٹے پور میں وائس چیئرمین مہر سلیم سنڈھل کی رہائش گاہ پر گئے یوسی کھگے والہ میں شہزاد کھگہ اور آصف کھگہ کی رہائش گاہ پر یوسی چٹھہ میں چودھری شکور گجر کی رہائش گاہ پر بھی گئے، یوسی بدھلہ میں چودھری عارف جٹ کی رہائش گاہ پر گئے یوین کونسل جھوک لشکر موضع ملک فقیر ، ملک ریاض راں اور غلام مصطفی موہانہ کی رہائش گاہ پر گئے اور تمام صاحبان کو پی پی 218 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی بھر پور سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس موقع پر مختلف وفود سے بھی ملے اور لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے