اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے تمام اتحادی جماعتوں کا مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے، حکومتی سطح پر تمام فیصلے کرتے ہوئے قومی مفاد ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا، عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے اور ملک میں معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئےضروری اقدامات زیر بحث آئے۔
وزیر اعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے مارکیٹ میں اشیاضروریہ کی ارزاں نرخوں پر دستیابی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بطریق احسن بروئے کار لیا جائےگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے تمام اتحادی جماعتوں کا مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے حکومتی سطح پر تمام فیصلے کرتے ہوئے قومی مفاد ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جمہوریت اور آئین کی پاسداری ہی پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔