ملک میں حاليہ بارشوں و سيلاب سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 1343 ہو گئی ، 12 ہزار 720 افراد زخمى ہوئے، این ڈی ایم اے

211
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):ملک میں حاليہ بارشوں و سيلاب سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 1343 ہو گئی ، 12 ہزار 720 افراد زخمى ہوئے، ملک بهر میں 11 لاکھ 32 ہزار 572 گھروں کو جزوى نقصان پہنچا جبکہ 5 لاکھ 60 ہزار 789 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

نيشنل ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹى کى (این ڈی ایم اے) جانب سے حاليہ بارشوں و سيلاب سے ہونے والے جانى و مالى نقصان کے بارے میں جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں اور سيلاب سے مزيد 18 افراد زندگى کى بازى ہار گئے، گزشتہ چوبيس گھنٹوں میں سندھ میں 14 پنجاب ميں 2، آزاد کشمير اور خيبرپختونخواہ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے ۔ اس دوران زخمى افراد کی کل تعداد 17 ريکارڈ کى گئى۔

حاليہ بارشوں و سيلاب سے ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 1343 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 536 کے پى میں 290 افراد جان کى بازى ہار گئے۔ بلوچستان میں 260، پنجاب میں 191 اور کشمير میں 43 افراد جاں بحق ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 591 مرد، 269 خواتين اور 474 بچے زندگى کى بازى ہار گئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 14 جون سے اب تک کل 12 ہزار 720 افراد زخمى ہوئے ہیں ۔

سندھ میں زخميوں کى تعداد سب سے زیادہ 8321 افراد رپورٹ ہوئے۔ پنجاب 3858، کے پى 361 جبکہ بلوچستان میں 164 افراد زخمى ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبيس گھنٹوں میں پنجاب میں 766 اور سندھ میں 78 کلو ميٹر سڑک کو نقصان پہنچا، ملک بھر میں کل 6579 کلو ميٹر سڑک حاليہ بارشوں اور سيلاب سے متاثر ہوئى۔ علاوہ ازیں چوبيس گھنٹوں میں مزيد 5356 گھروں کو نقصان پہنچا۔ ملک بهر میں 11 لاکھ 32 ہزار 572 گھروں کو جزوى طور پر نقصان پہنچا۔

حاليہ بارشوں اور سيلاب سے کل 5 لاکھ 60 ہزار 789 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بهر میں 81 اضلاع حاليہ بارشوں اور سيلاب سے تاحال متاثر ہيں۔ متاثرہ علاقوں میں بارشوں اور سيلاب سے منسلک مختلف واقعات میں 7 لاکھ 51 ہزار 145 مال مويشيوں کو نقصان پہنچا ہے ۔