اسلام آباد ۔ 02مئی (اے پی پی)ملک میں خواتین ہاکی کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز سابق قومی کھلاڑی اور ہاکی کی آرگنائزر رفعت مسعود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ رفعت مسعود نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان نے ہاکی کے میدان میں دنیا پر حکمرانی کی، یہ حکمرانی کئی برسوں تک برقرار رہی اور دنیا میں ہاکی کے بڑے بڑے اعزازت پاکستان کے پاس تھے، جن میں عالمی کپ، اولمپک گیمز، ایشین گیمز، چیمپیئنز ٹرافی اور ساﺅتھ ایشین گیمز جیسے بڑے بڑے اعزازت شامل تھے اور آہستہ آہستہ یہ اعزازت ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے،اس کی سب سے بڑی وجہ سیاست تھی، میرٹ کی بنیاد پر کام کرنے کی بجائے سفارشی کلچر اور پرچی سسٹم کو اپنانا شروع کر دیا گیا اور کھلاڑیوں نے محنت کرنی چھوڑ دی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ہاکی نہ ہونے کے برابر رہ گئی جس کی وجہ سے یہ تمام اعزازت ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین میں ہاکی کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور گراس روٹ سطح پر ہاکی کے زیادہ سے زیادہ مقابلے منعقد کروانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین ہاکی پر تھوڑا سا مخلص ہو کر میرٹ کا خیال رکھتے ہوئے توجہ دی جائے تو خواتین ہاکی ٹیم مختصر عرصہ میں ایشیائی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکتی ہے۔ کورونا وائرس کی وباءکے حوالے سے رفعت مسعود نے کہا کہ موذی وباءپوری دنیا میں پھیل چکی ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے اور گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=198581