اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن میر غلام علی تالپور نے کہا ہے کہ ملک میں زرعی شعبے کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ 25-2024ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے اقتصادی سروے میں زرعی شعبے میں شرح نمو 6.25 فیصد سب سے زیادہ ہے مگر یہاں ایکسپورٹرز کو مراعات دینے کی بات کی جاتی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنایا جائے اور اس شعبے کیلئے مراعات رکھی جائیں۔
اصولی طور پر ہر قسم کی آمدنی پر ٹیکس ہونا چاہئے، بجٹ میں اس دفعہ یہ اچھا اقدام ہے کہ ایکسپورٹرز کی آمدنی پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے ٹریکٹرز اور زرعی ادویات پر ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے بجٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کا حصہ بہت کم رکھا گیا ہے تا ہم کراچی کے ”کے فور” منصوبے کیلئے 25 ارب روپے مختص کرنا خوش آئند ہے۔