اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 15.07 اور 18.89 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر تک کی مدت میں ملک میں 22034 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 19147 یونٹس کے مقابلہ میں 15.07 فیصد زیادہ ہے۔
نومبر کے مہینہ میں ملک میں 4607 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیدااور 4617 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ سال نومبر میں ملک میں 3862 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 3262 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق ان میں فیٹ ، میسی فرگوسن اور اورینٹ آئی ایم ٹی کے ٹریکٹر ز شامل ہیں۔ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں فیٹ کے 7961 یونٹس ٹریکٹروں کی پیداوار اور 8049 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں فیٹ کے 6454 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 5883 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں میسی فرگوسن کے 14073 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 13954 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں میسی فرگوسن کے 12553 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی پیداوار اور 12563 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اورینٹ آئی ایم ٹی کے حوالے سے اعدادوشمار فراہم نہیں کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال کے پہلے پانچ ماہ میں اورینٹ آئی ایم ٹی کے 140 یونٹس ٹریکٹروں کی پیداوار جبکہ 91 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔