اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):پاکستان کی ساتویں زراعت شماری ’’انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل کائونٹ‘‘کے فیلڈآپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جو10فروری2025 تک جاری رہے گا۔ زرعی ترجمان کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی ڈاکٹر حسان طارق کی جانب سے ساتویں زراعت شماری کے افتتاح کے بعد راولپنڈی میں فیلڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
یہ ملکی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل زراعت شماری ہوگی، اس زراعت شماری میں بڑے زمینداراور مال مویشی رکھنے والے بھی مکمل طور پرشمار ہوں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شماریات نعیم حسین نے ڈیجیٹل زراعت شماری کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسان طارق نے ضلع راولپنڈی میں ساتویں زراعت شماری کے لئے کئے گئے اقدامات پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شماریات نعیم حسین کی کوششوں کو سراہا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے فیلڈ آپریشن کو درست اور بروقت زرعی اعداد و شمار جمع کرنے کی کوششوں میں ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ساتویں زراعت شماری کی کامیابی کا دارومدار شمار کنندگان پر ہے۔
انہوں نے شمار کنندگان کو تاکید کی کہ وہ خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی اس قومی ذمہ داری کو پورا کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل زراعت شماری کے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کوآرڈینیٹرز اور سپروائزرز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں اور لوگوں کو زراعت شماری کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کریں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=541795