ریاض ۔2نومبر (اے پی پی):سعودی عرب میں جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی کے ترجمان خالد المشعان نے کہا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق مملکت میں سالانہ 40 ارب ریال کی غذا ضائع ہوتی ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سروے کے بعد غذائی ضیاع کے بارے میں ہوشربا اعدادوشمار سامنے آئے ہیں۔
ا نہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 33 فیصد غذا ضائع ہو رہی ہے جس کی مجموعی قیمت 40 ارب ریال ہے۔المشعان نے کہا کہ گھروں، بیکریوں، ریستورانوں، ہوٹلوں، تھوک اور ریٹیل مارکیٹوں میں سب سے زیادہ کھانا ضائع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذا کے ضیاع میں چاول سب سے اوپر ہے۔ اس کا تناسب 31 فیصد، روٹیاں25 فیصد، آلو 14 فیصد اور کھجوریں 5.5 فیصد ضائع ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غذا کے ضیاع سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ کھانا ضرورت کے مطابق اور معقول مقدار میں خریدا جائے۔