ملک میں سکواش کے سینئر کھلاڑیوں کی بجائے جونیئر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جان شیر خان

105

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہاکہ ملک میں سکواش کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ینگ ٹیلنٹ کو آگے لانے کےلئے فیڈریشن کو ملک میں سینئر کھلاڑیوں کی بجائے جونیئر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں قومی کھلاڑیوں کا سیمی فائنل کوالیفائی نہ کرنا مایوس کن بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل مجاہد انور خان تو کھلاڑیوں کو پوری سہولیات فراہم کررہے ہیں لیکن کھیل کے میدان میں پوری تیاری کے ساتھ اتارنا یا اترنا کوچ اور کھلاڑی کی ذمہ داری بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں کھلاڑی روزانہ پریکٹس کرتے ہیں لیکن ہوم کورٹ کا فائدہ نہ اٹھا سکے بلکہ کوارٹر فائنل میں ہی ہار گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سکواش کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ایک نیچلی سطح پر بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہاکہ صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ ضلعی سطح پر سکواش کے کورٹ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ایک ماہ بعد سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہو رہی ہیں اسی دوران تربیتی کیمپ لگائے جائیں تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے۔