اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملک میں سیاحتی مقامات کی ترویج پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کومستقبل کے رہنما اور معاشرے کے لئے موثر شراکت دار بنانے کے لئے ‘ثقافتی سرگرمیوں’ کو فروغ دیاجائے ۔اپنے ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے جن میں قدیم تہذیبوں سے لے کر منفرد ورثے تک شامل ہیں جن میں پہاڑوں سے لے کر ساحلوں اور مذہبی مقامات تک متنوع جغرافیہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں بیرونی دنیا کے سامنے ملک کا صحیح تشخص پیش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی سیاحت کے فروغ کے لئے روڈ نیٹ ورک، پانی اور نکاسی آب، حفاظت اور سلامتی سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو لانے کے لئے کاروباری تقریبات، ایکو ٹورازم، کمیونٹی بیسڈ ٹورازم (سی بی ٹی)، میڈیکل اینڈ ویلنس، ایڈو ٹورازم اور تجرباتی سفر جیسے سیاحتی شعبوں پر مسلسل توجہ مرکوز کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ثقافتی ورثے کے حصے کے طور پر مقامی کھانوں کو فروغ اور مقامی کھانوں کی شناخت کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور برادر ممالک کے ساتھ مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ثقافتی اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنایا جاسکے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔گورنر سندھ نے مری ہل سٹیشن اور گلگت بلتستان کی وادیوں کی بھی تعریف کی جو دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے بے حد کشش کا باعث ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافت اور روایات کی قدر کریں اور اسے فروغ دیں۔