ملک میں شرح خواندگی 97.4 فیصد،مردو خواتین میں فرق بہت کم ہے،سری لنکا

سری لنکانے کہا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی کی شرح 2024 میں بڑھ کر 97.4 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ مرد و خواتین میں اس حوالے سے فرق مزید کم ہو گیا ہے۔

کولمبو۔12اپریل (اے پی پی):سری لنکانے کہا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی کی شرح 2024 میں بڑھ کر 97.4 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ مرد و خواتین میں اس حوالے سے فرق مزید کم ہو گیا ہے۔ شنہوا نے سری لنکا کے محکمہ مردم شماری و شماریات کی ڈائریکٹر جنرل شیامالی کرونا رتنے کی 2024 کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 1881 میں مردم شماری کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ خواندگی میں صنفی فرق ختم ہوا ہے جہاں مردوں کی شرح خواندگی 97.9 فیصد اور خواتین کی 97.0 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈیجیٹل خواندگی کی شرح 67.6 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی کل آبادی 2 کروڑ 17 لاکھ 81 ہزار 800 نفوس ، قومی سطح پر آبادی کی کثافت 350 افراد فی مربع کلومیٹر ہے جبکہ مجموعی شرح پیدائش کم ہو کر 1.3 فیصد رہ گئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق ہر 100 بچوں کے مقابلے میں 87 معمر افراد موجود ہیں ۔اعداد و شمار کے مطابق 32 لاکھ 23 ہزار 413 افراد یعنی ہر 1000 میں سے 157 افراد نے کسی نہ کسی جسمانی یا ذہنی معذوری کی اطلاع دی جن میں سے 7 لاکھ 27 ہزار 293 افراد کو بینائی، سماعت، نقل و حرکت، ادراک، ذاتی نگہداشت اور رابطے سمیت چھ بنیادی شعبوں میں نمایاں معذوری کا شکار قرار دیا گیا ۔شیامالی کرونا رتنے کے مطابق 6 لاکھ 72 ہزار 249 سری لنکن شہری عارضی طور پر بیرون ملک مقیم ہیں جن میں اکثریت مردوں کی ہے۔

مزید خبریں