ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد اور بہتر ملکی مفاد کی خاطر اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کیلئے پارلیمنٹ آئیں، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

78

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد اور بہتر ملکی مفاد کی خاطر اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کیلئے پارلیمنٹ آئیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے ذریعے اپنا ووٹ کا حق استعمال کرنے کی منظوری دیدی ہے، اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں اس معاملے پر رائے دینی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)کو ای وی ایم کے استعمال کا اختیار دیا گیا ہے، بیرون ملک مقیم 9 لاکھ سے زیادہ افراد کا بنیادی حق ہے کہ وہ انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست ہی صرف احتساب اور انتخابات کی شفافیت پر مبنی ہے ، موجودہ حکومت مستقبل میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے، ملک میں ای وی ایم استعمال کیلئے تیار ہے اور حکومت نے اس مقصد کے لئے قانون سازی مکمل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات کو آگے بڑھانا چاہتی ہے ، ڈسکہ سمیت ملک میں ہونے والے حالیہ ضمنی انتخابات میں جو کچھ ہوا اس سے بچنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانا وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے،حکومت مہنگائی پر پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔